Tuesday, December 23, 2025
ہومپاکستانجاپان حکومت کی طرف سے حویلیاں میں آنکھوں کی دیکھ بھال اور موتیے کی سرجری کے منصوبے کی کامیاب تکمیل اور افتتاح

جاپان حکومت کی طرف سے حویلیاں میں آنکھوں کی دیکھ بھال اور موتیے کی سرجری کے منصوبے کی کامیاب تکمیل اور افتتاح

ایبٹ آباد (سب نیوز)پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوچی نے منگل کو ضلع ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں جاپانی حکومت کے مالی تعاون سے تعمیر ہونے والے آنکھوں کی دیکھ بھال اور موتیے کی سرجری کے منصوبے کا افتتاح کیا۔اس پروجیکٹ کو لوک سدھار ایسوسی ایشن نے پایہ تکمیل تک پہنچایا جو کہ حویلیاں میں محروم کمیونٹیز کے لیے آنکھوں کی دیکھ بھال کی ضروری خدمات کو بہتر بنانے کے لیے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم ہے۔حکومت جاپان نے 2024 میں گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پروجیکٹس (جی جی پی) گرانٹ اسسٹنس پروگرام کے تحت لوک سدھار ایسوسی ایشن کو اس منصوبے کے لیے 51,407 امریکی ڈالر کی مالی امداد فراہم کی تھی تا کہ آنکھوں کی دیکھ بھال کی سہولت کی تعمیر اور آنکھوں کی مختلف بیماریوں اور موتیا کی بیماریوں کی تشخیص میں استعمال ہونے والے جدید امراض چشم کے آلات کی فراہمی تھی۔

افتتاحی تقریب میں جاپانی سفارت خانے کے حکام، این جی او بورڈ کے اراکین اور مقامی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔لوک سدھار ایسوسی ایشن کمیونٹی کی بہتری اور سماجی شعبے کے اقدامات میں پچیس سال سے زیادہ کے تجربے کے ساتھ موثر پروجیکٹس کی فراہمی کے لیے مختلف عطیہ دہندگان کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔جاپان کی حکومت کی طرف سے مالی اعانت فراہم کیے جانے والے اس منصوبے نے حویلیاں میں نہ صرف آنکھوں کی دیکھ بھال کی خدمات کے معیار کو بہتر کیا بلکہ خاص طور پر اس خطے میں پہلی بار موتیا کی سرجری کی سہولت بھی فراہم کی۔اس منصوبے کی تکمیل کے بعد ایک سال میں تقریبا 30,000 مریضوں کا علاج کیا گیا اور 1,260 موتیا کے آپریشن کیے گئے۔ معمر اور مالی طور پر کمزور افراد کے لیے یہ سہولت بہت مددگار ثابت ہو رہی ہے ۔

پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوچی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لوک سدھار ایسوسی ایشن کو پروجیکٹ کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی۔سفیر اکاماتسو نے اس بات پر زور دیا کہ سستی صحت کی سہولت کی فراہمی جاپان کی پاکستان کے لیے امدادی پالیسی میں اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔سفیر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ معیاری علاج تک رسائی کسی بھی قوم کے لیے سماجی خوشحالی کے حصول کے لیے بنیادی شرط ہے۔سفیر اکاماٹسو نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت جاپان پاکستانی عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ان کی حمایت جاری رکھے گی اور اس دلی خواہش کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ یقینی طور پر جاپان اور پاکستان کے عوام کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔