فلوریڈا (آئی پی ایس) امریکی ریاست فلوریڈا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دنیا میں 8 جنگیں رکوائیں، جس میں سب سے زیادہ خطرناک پاک بھارت جنگ تھی اگر یہ جنگ جاری رہتی تو اس کے منفی اثرات عالمی سطح پر چھا سکتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مئی میں ہونے والی اس جنگ میں 8 جنگی طیارے تباہ ہوئے تھے، صدر ٹرمپ نے اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت انتہائی قابل احترام ہے۔
اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی بحری فوج دنیا کی بہترین بحری طاقت ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی فوج میں دنیا کا طاقتور ترین طیارہ بردار جہاز شامل کیا جا رہا ہے جبکہ امریکا کو نئے بحری جہازوں کی اشد ضرورت تھی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی سب میرینز دنیا کی سب سے جدید ہیں اور آبدوز سازی میں امریکا کسی بھی ملک سے کم از کم 15 سال آگے ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا کے پاس دنیا کے بہترین ہتھیار اور عسکری آلات موجود ہیں۔
امریکی صدر نے جدید طیارہ بردار جہازوں کی تیاری کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 15 جدید ترین آبدوزیں تیاری کے مراحل میں ہیں، جبکہ امریکا کے جدید بحری بیڑے کا دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بحری طاقت دنیا بھر میں امریکا کے دشمنوں کو خوفزدہ کر دے گی۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ کیریئبین میں سمندر کے راستے منشیات کی اسمگلنگ میں 96.2 فیصد کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دو سال پہلے جو ہم پر ہنستے تھے آج وہ ہمارا احترام کرتے ہیں اور چین و روس بھی آبدوزوں کے میدان میں امریکا کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے بتایا کہ بحریہ کے ہیڈکوارٹر کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے اور سمندر کے راستے منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی کشتیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا میں منشیات کے داخلے کو ہر صورت روکا جا رہا ہے اور منشیات سے بھری کشتیوں کو سمندر میں تباہ کیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ گزشتہ سال امریکا میں منشیات کے استعمال سے تین لاکھ افراد ہلاک ہوئے تاہم منشیات کی کشتیوں کو تباہ کر کے ہر بار تقریباً 25 ہزار جانیں بچائی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی سرحدیں محفوظ اور معیشت مضبوط ہے۔
صدر ٹرمپ نے بحریہ کو نئی ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور نیوی کے لیے گولڈن فلیٹ کے قیام کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیا بحری جہاز کسی بھی موجودہ جہاز کے مقابلے میں 100 گنا زیادہ طاقتور ہوگا، جبکہ وکٹری نامی جہاز امریکی فوج کی طاقت کو برقرار رکھنے میں مدد دے گا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق اس منصوبے سے امریکی جہاز سازی کی صنعت کی بحالی میں بھی مدد ملے گی۔
