Monday, December 22, 2025
ہومتازہ ترینقومی ٹیم کا بھارت کے خلاف فائنل جیتنا ہمارے لیے اعزازکی بات ہے،چوہدری محمد یسین

قومی ٹیم کا بھارت کے خلاف فائنل جیتنا ہمارے لیے اعزازکی بات ہے،چوہدری محمد یسین

اسلام آباد(سب نیوز)ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ اس تاریخی کامیابی کے بعد قومی انڈر 19 ٹیم اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تو سی ڈی اے مزدور یونین کی جانب سے کھلاڑیوں کا شانداراستقبال کیاگیا۔
قائد مزدور یونین چوہدری محمد یسین و دیگر عہدیداران نے اس پرمسرت موقع پر مایہ ناز کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار اور گلدستے پیش کیے۔اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے قومی ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف فائنل جیتنا ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے اور جس طرح پوری ٹیم نے نظم و ضبط، محنت اور جذبے کے ساتھ بہترین کارکردگی دکھائی وہ پوری قوم کے لیے خوشی اور فخر کا لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ان نوجوان کھلاڑیوں پر فخر ہے اور یقین ہے کہ یہ باصلاحیت کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کرکٹ کا روشن چہرہ ثابت ہوں گے۔ انڈر 19 ٹیم کی یہ کامیابی ملک میں کرکٹ کے تابناک مستقبل کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔چوہدری محمد یسین نے پاکستان کرکٹ بورڈ، کوچنگ اسٹاف اور پوری ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم ان نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور آئندہ بھی ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔