Sunday, December 21, 2025
ہومپاکستانپاکستان کو سیاسی و معاشی استحکام کیلئے میثاق کی اشد ضرورت ہے، اعظم نذیر تارڑ

پاکستان کو سیاسی و معاشی استحکام کیلئے میثاق کی اشد ضرورت ہے، اعظم نذیر تارڑ

لاہور(سب نیوز)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے قومی سطح پر ڈائیلاگ اور سیاسی میثاق کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے ساتھ کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔

لاہور میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی اور معاشی استحکام کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ عدم استحکام کے ساتھ کوئی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فورمز وقت کی ضرورت ہیں، جہاں مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندے موجود ہوں، جن میں علما، مشائخ، صحافت، سیاست اور سول سوسائٹی شامل ہے، تاکہ اجتماعی سوچ سامنے آسکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آج ایک ایسے سیاسی میثاق کا متقاضی ہے جو کسی ایک فرد، جماعت یا گروہ کے لیے نہیں بلکہ پوری قوم اور آنے والی نسلوں کے لیے ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملک بنانے والے دنیا سے رخصت ہو گئے لیکن وطن کے ساتھ جو کچھ ہوتا رہا، وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ موجودہ حالات میں کھل کر بات کرنے اور جرات کے ساتھ مسائل پر گفتگو کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوتاہیاں سب کی رہی ہیں اور ان پر مثبت انداز میں بات ہونی چاہیے۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ تنقید کو برداشت کرنا اور اختلاف رکھنے والوں کی رائے سننا ترقی کا واحد راستہ ہے۔کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ شاید اسی راستے سے آگے نئی راہیں نکل آئیں۔ انہوں نے شہید خواجہ رفیق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جمہوریت، فسطائیت کے خاتمے اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنا خون دیا۔وزیر قانون نے کہا کہ کئی شہدا نے وطن کیلئے قربانیاں دیں اور ہمیں ان قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ رفیق شہید ہمارے لیے تابناک تاریخ چھوڑ گئے اور دعا ہے کہ ہم سب ان کے اصولوں پر عمل کرتے رہیں اور پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرتے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی ہمارا مشن ہونا چاہیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔