Sunday, December 21, 2025
ہومپاکستاننیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی کی خریداری اور فراہمی کیلئے نیا میکنزم تیار

نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی کی خریداری اور فراہمی کیلئے نیا میکنزم تیار

اسلام آباد (سب نیوز)نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی کی خریداری اور فراہمی کے لیے نیا میکنزم تیار کر لیا گیا، خرید اور فروخت کے لیے الگ الگ ٹیرف نافذ ہونگے، نیپرا نے پروزیومر ریگولیشنز 2025 جاری کر دیں۔
نیپرا نے نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی کی خریداری اور فراہمی کے لیے نیا میکنزم متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت خرید اور فروخت کے لیے الگ الگ ٹیرف ہونگے، ریگولیشنز کے مطابق بجلی کمپنی صارف سے نیشنل ایوریج انرجی پرچیز پرائس کے تحت بجلی خریدے گی، جبکہ صارف کو بجلی موجودہ ٹیرف کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے پروزیومر کی اصطلاح متعارف کروا دی گئی ہے، ریگولیشنز کے تحت کوئی بھی صارف اپنے لوڈ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کا مجاز نہیں ہوگا، جبکہ نیپرا صارف کی پیداوری صلاحیت پر نظرثانی بھی کر سکے گا۔
نئے نظام کے مطابق صارفین کے لیے بجلی کی خرید اور فروخت کے الگ الگ میٹر ہوں گے، اور نیا نیٹ میٹرنگ صارف اپنی بجلی کسی دوسرے صارف کو فروخت نہیں کر سکے گا۔نیپرا کے مطابق نئی نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز کا اطلاق نئے صارفین پر ہوگا، جبکہ موجودہ صارفین پر اطلاق پرانے معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد کیا جائے گا۔اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سولر صارفین کی تعداد 4 لاکھ 24 ہزار 841 تک پہنچ چکی ہے، نیٹ میٹرنگ صارفین کی تعداد چھ ہزار 340 ہے، جبکہ آف گرڈ صارفین کی مجموعی صلاحیت 12 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔