Monday, December 22, 2025
ہومتازہ ترینسی ڈی اے اور ورلڈ بینک گروپ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے درمیان معاہدے پر دستخط

سی ڈی اے اور ورلڈ بینک گروپ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے درمیان معاہدے پر دستخط

اسلام آباد(سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)اور ورلڈ بینک گروپ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے مابین معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سیکٹریری داخلہ محمد خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ریجنل ڈائریکٹر(آئی ایف سی )کے علاوہ سی ڈی اے اسلام آباد واٹر اور آئی ایف سی کے دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

معاہدے کے تحت آئی ایف سی اسلام آباد واٹر ایجنسی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف منصوبوں میں اپنی تیکنیکی معاونت فراہم کریگا۔ اس ضمن میں آئی ایف سی اسلام آباد میں پانی اور سیوریج سے متعلقہ تین منصوبوں کیلئے اپنی ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز فراہم کریگا۔ ان منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کرنے کیلئے سی ڈی اے بورڈ اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ بورڈ سے پہلے ہی اصولی منظوری لی جاچکی ہے۔اسلام آباد واٹر کے ان منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے کیلئے ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز متعلقہ قوانین کے تحت حاصل کی جارہی ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانی اور سیوریج کے نظام سے متعلق مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صاف پانی کی بہتر فراہمی، پانی کے میٹروں کی تنصیب، نان ریونیو واٹر کو کم کرنا ان منصوبوں کا اہم حصہ ہیں۔

اسی طرح واٹر پمپس کو انرجی ایفیشنٹ بنانے اور سیوریج لائنوں بشمول سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مرمت و بحالی کے اقدامات بھی انہی منصوبوں کا حصہ ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے سی ڈی اے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جسکو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بہتر پانی کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ان منصوبوں کی تکمیل سے مانیٹرنگ سسٹم میں بہتری اور پانی کے ضیاع پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد واٹر کی تمام تنصیبات اور واٹر پمپس کی مانیٹرگ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائیگا جس سے پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو صاف پانی اور سیوریج سسٹم کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ملاقات میں ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی تیکنیکی صلاحیتوں، تجربات و استعداد کار سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔