اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے قومی دن کے موقع پر آج شام قطر کے امیر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیر اعظم نے عزت مآب امیر، قطری شاہی خاندان، حکومت کے ساتھ ساتھ قطر کے برادر عوام کو ان کے قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے عزت مآب امیر کی دور اندیش قیادت میں قطر کی شاندار کامیابیوں اور عالمی سطح پر اس کے بڑھتی ہوئی اہمیت کی تعریف کی۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور کثیر جہتی دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے غزہ میں قیام امن کی کوششوں میں قطر کے قابل قدر کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے قطر کی جانب سے مذاکرات میں سہولت کاری کی تعریف کی۔
اس سال کے شروع میں دوحہ کے اپنے سرکاری دوروں کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے عزت مآب امیر کو باہمی طور پر مناسب تاریخ پر پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کے لیے اپنی انتہائی پرجوش دعوت کا اعادہ کیا۔ عزت مآب امیر نے قطر کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، گہرے، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
