Sunday, December 21, 2025
ہوماسلام آبادچیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کی ملاقات ، کمرشل اور رہائشی پلاٹوں کے نیلام عام میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کی ملاقات ، کمرشل اور رہائشی پلاٹوں کے نیلام عام میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور سرمایہ کاروں سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سی ڈی اے بورڈ ممبران، سی ڈی اے کے سینئر افسران، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر سردار طاہر محمود سمیت سرمایہ کاروں، رئیل اسٹیٹ و بلڈرز اور کاروباری کمپنیز کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ملاقات کا مقصد 22، 23 اور 24 دسمبر، 2025 کو منعقد ہونے والی کمرشل اور رہائشی پلاٹوں کے نیلام عام میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنا تھا۔ سرمایہ کاروں کو آنے والے نیلام عام میں سرمایہ کاری کیلئے پیش کئے جانے والے پلاٹوں کے متعلق بریفننگ دی گئی۔

بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نیلام عام میں مختلف مراکز کے کمرشل پلاٹس، بلیو ایریا کے کمرشل پلاٹس، نادرن سٹرپ ای 11 کے کمرشل پلاٹس نیلامی کیلئے پیش کئے جارہے ہیں۔ نیلام عام میں پیٹرول پمپ، ایگرو فارمز پلاٹس اور بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی تیار دکانیں سرمایہ کاری کیلئے پیش کی جائیں گی۔ اسی طرح اسلام آباد کے دو مکمل ڈویلپڈ سیکٹرز ایف 10اور سیکٹر جی10 میں رہائشی پلاٹس بھی نیلام کئے جائیں گے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ نیلام عام سے حاصل ہونے والی آمدنی کو شہر کی تعمیر وترقی پر خرچ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی میں سرمایہ کاروں کی قیمتی آرا کو ہمیشہ مد نظر رکھتے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام کاروباری مراکز کی اپلفٹ کا کام شروع کیا جاچکا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ انوسٹرز کو نیلامی کے بعد تمام سہولیات کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ماڈل شہر بنانے کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ مستقبل میں شروع کئے جانے والے منصوبوں میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر، سیون سٹار ہوٹلز کی تعمیر شامل ہے۔ جن میں ای-اسٹام کا اجرا، کیش لیس اکانومی کا اجرا اور لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن جیسے اقدامات بھی شامل ہیں۔ بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوٹل انڈسٹری، رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے سرمایہ کاروں کیلئے یکساں اور سرمایہ کاری کیلئے شاندار مواقع پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر سرمایہ کاروں اور بلڈرز نے چئیرمین سی ڈی اے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس ضمن میں سرمایہ کاروں کی تمام تجاویز کا جائزہ لیا جائیگا اور قابلِ عمل تجاویز کو باہمی مشاورت کیساتھ عملی جامہ پہنایا جائیگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔