اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے سانحۂ آرمی پبلک اسکول کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014 پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، جس نے پوری قوم کو غم اور صدمے میں مبتلا کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ علم دشمنوں نے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کر کے ظلم و بربریت کی انتہا کی اور معصوم بچوں سمیت اساتذہ کی قیمتی جانیں لیں۔ دہشت گردوں نے ایک تعلیمی ادارے کو نشانہ بنا کر دراصل پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے کی مذموم کوشش کی۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ اس المناک واقعے کے بعد مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پوری پاکستانی قوم نے متحد ہو کر دشمن کی اس ناپاک سازش کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے کے بعد حکومتوں، اداروں اور عوام نے نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ جس سفر کا آغاز کیا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ سانحۂ اے پی ایس جیسے واقعات فتنہ الہندوستان اور خوارج کے اصل چہرے کو بے نقاب کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ دہشت گردوں کو کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے شہید بچوں اور اساتذہ کی بے مثال بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب وطنِ عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ ہوگا۔
آخر میں صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے بچوں کو ایک محفوظ، پُرامن اور روشن پاکستان دے کر ہی دم لیں گے۔
