Monday, December 15, 2025
ہومکھیلڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 نے کم وقت میں بڑی پہچان بنا لی، وقار یونس

ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 نے کم وقت میں بڑی پہچان بنا لی، وقار یونس

دبئی، :پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر اور ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 کے کمنٹیٹر وقار یونس نے لیگ کی شاندار اور تیز رفتار ترقی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عام طور پر کرکٹ لیگز کو پختہ ہونے میں کئی برس لگتے ہیں، لیکن ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 نے محض تین برسوں میں نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے اور اب اپنے چوتھے سیزن میں داخل ہو چکی ہے۔

دبئی میں منعقدہ ایک میڈیا نشست کے دوران وقار یونس نے کہا کہ انہوں نے 2023 میں آغاز سے ہی لیگ کی پیش رفت کو قریب سے دیکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عموماً لیگز کو وقت لگتا ہے، مگر ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 نے بہت کم عرصے میں غیر معمولی ترقی کی ہے۔ اب چوتھے سیزن تک پہنچ جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ لیگ درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے خلیجی ممالک میں کرکٹ کے فروغ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور کویت کے کھلاڑیوں کی شمولیت ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔

مجھے یقین ہے کہ مزید ممالک بھی اس سفر میں شامل ہوں گے، اسی طرح یہاں کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ابھرتے ہوئے فاسٹ بولرز پر گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے یو اے ای کے انٹرنیشنل اور ڈیزرٹ وائپرز کے آل راؤنڈر خزیمہ تنویر کی خصوصی تعریف کی، جنہوں نے حالیہ میچ میں گلف جائنٹس کے خلاف 4 وکٹیں صرف 10 رنز کے عوض حاصل کیں، جو ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 کی تاریخ میں کسی یو اے ای بولر کی بہترین کارکردگی ہے۔وقار یونس نے کہا کہ خزیمہ تنویر نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔ وہ بولنگ کی فنکاری کو سمجھتا ہے۔ گیند اس کے ہاتھ سے نکلتے وقت جو موومنٹ لیتی ہے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس میں خاص صلاحیت ہے۔ وہ بیٹنگ بھی کر سکتا ہے، اس لیے ایک قیمتی آل راؤنڈر ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے دیگر نوجوان کھلاڑیوں جن میں ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز کے فاسٹ بولر اجے کمار اور بیٹر علیشان شرافو شامل ہیں، کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اگرچہ انہیں مزید وقت اور تجربے کی ضرورت ہے، لیکن ٹیلنٹ واضح طور پر موجود ہے۔

عالمی اسٹارز پر بات کرتے ہوئے وقار یونس نے ڈیزرٹ وائپرز کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا ذکر کیا اور کہا کہ نسیم ایک بہترین کھلاڑی ہے، فارم میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 اسے خود کو دوبارہ ثابت کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے، اور یہاں کی کارکردگی کو بین الاقوامی سطح پر سنجیدگی سے دیکھا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 4 کے ٹکٹس ورجن میگا اسٹور کے ٹکٹنگ پلیٹ فارم پر دستیاب ہیں، جبکہ سیزن کی تصاویر بھی شائقین کے لیے فراہم کی گئی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔