جڑانوالہ، ٹھیکریوالہ اور کمالیہ سمیت گردونواح کے علاقوں میں شدید دھند اور فوگ نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے لگے ہیں۔
صبح کے اوقات میں دھند اس قدر گہری رہی کہ کئی مقامات پر حدِ نگاہ صفر تک محدود ہو گئی۔
جڑانوالہ میں گھنی دھند کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جبکہ شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں، رفتار کم رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔
ٹھیکریوالہ اور اس کے نواحی علاقوں میں بھی دھند کے باعث ٹریفک سست روی کا شکار رہی، جبکہ سرد موسم نے شہریوں کو گھروں تک محدود کر دیا۔
اسی طرح کمالیہ میں بھی شدید دھند چھا گئی جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی اور سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک سردی اور دھند کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
