اسلام آباد (آئی پی ایس) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں بجلی کی سبسڈی میں 143 ارب روپے کی نمایاں کمی کرتے ہوئے سرکلر ڈیٹ کے سالانہ بہاؤ کا ہدف 400 ارب روپے مقررکر دیا ہے جس کیلیے محض ٹیکس دہندگان کے پیسے پر انحصارکے بجائے کارکردگی بہتر بنانا لازم قرار دیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ اسٹاف رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کیلیے بجلی کی سبسڈی کو 1.04 ٹریلین روپے سے کم کرکے 893 ارب روپے تک محدود کر دیا گیا، جو مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کاتقریباً 0.7 فیصد بنتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سبسڈی میں یہ کمی سرکلر ڈیٹ میں اضافے کاہدف کم کرنے کے باعث کی گئی ہے۔
دوسری جانب کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آئی ایم ایف بورڈ اجلاس کے اگلے ہی روز رواں مالی سال کے لیے سرکلر ڈیٹ کے بہاؤ کا ہدف 522 ارب روپے منظورکر لیا، جو آئی ایم ایف کے مقررکردہ ہدف سے کہیں زیادہ ہے۔
