اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی ہدایت اور چوہدری سالک حسین کی مشاورت سے مسز فرخ خان کو پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین کی مرکزی صدر کے طور پر نامزد کر دیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی قیادت نے مسز فرخ خان کی سیاسی صلاحیتوں اور خواتین کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کی خواتین ونگ کی قیادت کو نئی توانائی اور سمت دیں گی۔
مسلم لیگ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں پارٹی کے سیکرٹری طارق حسن اور چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے مسز فرخ خان کو نوٹیفکیشن جاری کیا۔ تقریب میں پارٹی کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور نومنتخب صدر کو پارٹی کی ترقی اور خواتین کی فعال شمولیت میں کردار ادا کرنے کی امید ظاہر کی۔
اس موقع پر مسز فرخ خان نے پارٹی قائدین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پارٹی نے ان پر جو اعتماد ظاہر کیا ہے، وہ اسے پورا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خواتین کی سیاسی شمولیت کو فروغ دینے اور پارٹی کی اقدار کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
