Friday, December 12, 2025
ہومتازہ ترینیہ سال امن اور اعتماد کا بین الاقوامی سال ہے، چینی صدر

یہ سال امن اور اعتماد کا بین الاقوامی سال ہے، چینی صدر


بیجنگ :ترکمانستان کے شہر اشک آباد میں”امن و اعتماد کے بین الاقوامی سال” کے حوالے سے فو رم منعقد ہوا۔ چینی صدر شی جن پھنگ نے فورم کے نام ایک تہنیتی پیغام بھیجا۔جمعہ کے روزشی جن پھنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ سال امن اور اعتماد کا بین الاقوامی سال ہے جس کی تجویز ترکمانستان نے پیش کی تھی اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسے منظور کیا ۔ آج ترکمانستان کی مستقل غیر جانبداری کے حصول کی تیسویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔ چین اور ترکمانستان ہم خیال دوست اور ایک دوسرے کے لیے فائدہ مند تعاون کے اچھے شراکت دار ہیں۔

چین ترکمانستان کی مستقل غیر جانبداری کی پالیسی کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور بین الاقوامی اور علاقائی امن و استحکام کے تحفظ اور تمام ممالک کے درمیان مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے ترکمانستان کی مثبت کوششوں کو سراہتا ہے۔شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو متعدد عالمی چیلنجوں اور تنازعات کا سامنا ہے اور دنیا پہلے سے کہیں زیادہ امن اور اعتماد کا مطالبہ کر رہی ہے۔

تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ بین الاقوامی صورتحال جتنی پیچیدہ اور غیر مستحکم ہوتی جائے گی، اتنا ہی زیادہ بین الاقوامی برادری کو مل کر کام کرنا ہو گا اور ایک دوسرے کی مدد کرنا ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے ، اعتماد کرتے ہوئے ایک دوسرے کو سمجھنا چاہیے، اقوام متحدہ کے اختیارات اور حیثیت کو مضبوطی سے برقرار رکھنا چاہیے، تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر عمل کرنا چاہیے، اور غنڈہ گردی اور خود غرضی کی مخالفت کرنا چاہیے۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ ہمیں اعتماد کے خسارے کو دور کرنے، بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کے ذریعے انصاف کی حفاظت، کثیرالجہتی کے ذریعے یکجہتی اور تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ شراکت اور مشترکہ فوائد میں مشغول ہونا چاہیے اور اس اصول کو برقرار رکھنا چاہیے کہ عالمی معاملات پر سب کے ساتھ بات چیت کی جائے اور مشترکہ طور پر بین الاقوامی نظم کی حفاظت اور حکمرانی کے ثمرات کو بانٹا جائے ۔شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے گلوبل گورننس انیشی ایٹو پیش کیا، جس نے عالمی گورننس کے نظام میں اصلاحات اور بہتری کے لیے چینی حل فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین عالمی امن کے تحفظ، مشترکہ ترقی کے فروغ اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو آگے بڑھانے کے لیے دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔