Friday, December 12, 2025
ہومپاکستانپی آئی اے اور کینیڈین ہائی کمیشن کا سرمایہ کاری و ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پی آئی اے اور کینیڈین ہائی کمیشن کا سرمایہ کاری و ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز)پی آئی اے اور کینیڈین ہائی کمیشن کا سرمایہ کاری و ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوگیا، فضائی روابط میں بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان میں تعینات کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے پی آئی اے ہیڈ آفس اسلام آباد میں سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات، فضائی رابطوں، تجارت، ثقافت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق، ملاقات کے دوران کینیڈین ہائی کمشنر نے کینیڈین ایئر لائنز کے ساتھ کوڈ شیئر اور ایئر کارگو معاہدوں کے حوالے سے پی آئی اے کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان معاہدوں سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط کے فروغ اور تجارتی حجم میں قابلِ ذکر اضافہ متوقع ہے۔
کینیڈین مصنوعات کی پاکستانی منڈیوں تک رسائی کے لئے پی آئی اے سہولت کاری کرے گی۔ہائی کمشنر نے پی آئی اے کو تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات میں شمولیت کی دعوت بھی دی، جس سے قومی ایئر لائن کو شمالی امریکہ کی وسیع مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے گی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ ملاقات پاکستان اور کینیڈا کے مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی اہم کڑی ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کینیڈین ہائی کمیشن کے ساتھ مل کر فضائی سفر اور تجارت کے شعبوں میں مزید سہولیات کی فراہمی کے لیے مثر اقدامات جاری رکھے گی۔
کینیڈین ہائی کمیشن پی آئی اے کے نیٹ ورک میں توسیع کے لیے کینڈین فضائی کمپنیوں کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدوں میں سہولت کاری کرے گی۔ جو قومی ایئر لائن کی بحالی، توسیع اور عالمی سطح پر اس کی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔