اسلام آ باد(آئی پی ایس )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو گئی ہے۔آئی سی سی کی جانب سے اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہوگیا جس کیلئے سوشل میڈیا پر پوسٹر جاری کیا گیا۔
آئی سی سی کے پوسٹر میں بھارتی ، سری لنکن، جنوبی افریقی، انگلینڈ اور آسٹریلوی کپتان کی تصویر شامل ہے۔لیکن آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ایک بار پھرتعصب کا مظاہرہ کیا گیا ، ٹکٹس کی فروخت والے پوسٹر سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کی تصویر غائب کردی ۔
آئی سی سی کے اس رویے پر پاکستانی شائقین برہم ہوگئے۔ شائقین کی جانب سے آئی سی سی پر تنقید کی گئی اور اس عمل پر حیرانگی کا اظہار کیا گیا۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئندہ برس فروری ،مارچ میں بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔دنیا بھر کے کرکٹ شائقین آج سے آن لائن ٹکٹس خرید سکیں گے۔ٹکٹس کی فروخت کی شروعات میں ہی پاکستان اور بھارت کے میچ کے ٹکٹس کی مانگ سب سے زیادہ دیکھنے میں آئی۔
پاکستان اور بھارت کے میچ کے ٹکٹس کی کم سے کم قیمت 1500 سری لنکن روپے مقرر ہے۔ پاک بھارت میچ کی ٹکٹس کے لیے شائقین کو لمبے انتظار کا کہہ دیا گیا۔پاکستان اور بھارت کا میچ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 15 فروری کو شیڈولڈ ہے۔
آن لائن ویب سائٹ کے مطابق بھارت میں ہونے والے میچز میں ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 100 بھارتی روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ سری لنکا میں ہونے والے میچز میں کم سے کم ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار سری لنکن روپے مقرر ہے۔
