لاہور(آئی پی ایس ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے مرکزی بازاروں اور سڑکوں کے درمیان خوبصورت گرین بیلٹس بنانے کا حکم دے دیا۔وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ہر ضلع، ہر تحصیل اور ہر شہر کے بیوٹیفکیشن پلان پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بیوٹیفکیشن پلان کی تکمیل کے لیے فروری سے مئی تک کاہدف مقرر کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 39 اضلاع میں 132 بیوٹیفکیشن اسکیمیں 16ارب 90 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گی۔ 97 بیوٹیفکیشن اسکیموں کے ورک آرڈر جاری اور 88 پراجیکٹس شروع کیے جائیں گے۔
لاہور میں بیوٹیفکیشن کے 18، سرگودھا میں6، بہاولپور میں 16 اور گوجرانوالا میں 12 پراجیکٹس ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ راولپنڈی کے 17،فیصل آباد کے 13، ملتان کے 8 اور ساہیوال کے 24 بیوٹیفکیشن پراجیکٹس مکمل کیے جا چکے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ کھلے مین ہول، گندگی اور کوڑے کے ڈھیر، ٹوٹی گرین بیلٹس اور خراب پینٹ پر کارروائی ہوگی، کوئی ایک بازار نہیں بلکہ شہر کا ہر کونہ صاف نظر آنا چاہیے، تجاوزات نظر آنے پر اسسٹنٹ کمشنر کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔
