اسلام آباد (سب نیوز)پاک فضائیہ کے جے ایف17تھنڈر کے چھ طیاروں پر مشتمل دستے نے انڈونیشیا کے صدر پرا بووو سوبیانتو کے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے پر روایتی فضائی مشایعت فراہم کی جو کہ دونوں ممالک کے درمیان شاندار مہمان نوازی اور برادرانہ تعلقات کی علامت ہے۔
فارمیشن لیڈر نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے روابط اور باہمی احترام کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے صدر پرا بووو سوبیانتو کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جس سے پاک فضائیہ کے اس عزم کا اظہار ہوتا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔یہ فضائی اسکارٹ نہ صرف خیرسگالی کے جذبات کا اظہار تھا بلکہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر بھی ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق جے ایف17تھنڈر پاک فضائیہ کی جدید صلاحیتوں کا عکاس، 4.5 جنریشن کا ہمہ جہت اور انتہائی موثر لڑاکا طیارہ ہے۔ معزز مہمانانِ گرامی کو ایسی فضائی مشایعت فراہم کرنا پاک فضائیہ کی دیرینہ روایت ہے، جو خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاک فضائیہ کے کردار کو اجاگر کرتی ہے۔
پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی جانب سے انڈونیشیا کے صدر پرا بووو سوبیانتو کا پرتپاک فضائی استقبال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
