Sunday, December 14, 2025
ہومٹاپ سٹوریامریکا میں غیر ملکیوں کی اسکریننگ مزید سخت، ورک پرمٹ کی مدت 5 سال سے گھٹا کر 18 ماہ کردی گئی

امریکا میں غیر ملکیوں کی اسکریننگ مزید سخت، ورک پرمٹ کی مدت 5 سال سے گھٹا کر 18 ماہ کردی گئی

واشنگٹن :(شاہ خالد ) امریکا میں کام کرنیوالے غیر ملکیوں کی سخت اسکریننگ اور ویٹنگ کیلئے نئے اقدامات کا اعلان کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا میں قانونی تحفظ حاصل کرنے والے تارکینِ وطن، بشمول مہاجرین (Refugees)، پناہ گزینوں (Asylees) اور دیگر کی ورک پرمٹ کی مدت کم کر رہی ہے۔ یہ اقدام امیگریشن پالیسیوں کو مزید سخت کرنے کی تازہ کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ نئی پالیسی اُن تارکینِ وطن پر بھی لاگو ہوگی جن کی پناہ (Asylum) یا گرین کارڈ (مستقل رہائش) کی درخواستیں زیرِ التوا ہیں، ایسے کیسز جو اکثر کئی سال تک مکمل نہیں ہو پاتے کیونکہ امیگریشن نظام میں شدید بیک لاگ موجود ہے۔

نئے قواعد کے تحت یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز (USCIS) اب ان تارکینِ وطن کو زیادہ سے زیادہ 18 ماہ کی مدت کے ورک پرمٹ جاری کرے گی، جب کہ موجودہ حد 5 سال تھی۔

محکمہ امیگریشن نے اپنے بیان میں گزشتہ ہفتے واشنگٹن ڈی سی میں دو نیشنل گارڈ اہلکاروں پر ہونے والے حملے کو بنیاد بناتے ہوئے کہا کہ ورک پرمٹ کی مدت کم کرنے سے ایجنسی کو تارکینِ وطن کی مزید بار بار اسکریننگ اور ویٹنگ کا موقع مل سکے گا۔

اس واقعے کے مبینہ حملہ آور، 29 سالہ افغان شہری رحمان اللہ لکانوال، ستمبر 2021 میں بائیڈن انتظامیہ کے دوران امریکا آئے تھے، جبکہ ان کی پناہ کی درخواست اپریل 2025 میں منظور ہوئی یعنی اس وقت جب صدر ٹرمپ نے دوسری بار عہدہ سنبھال لیا تھا۔

محکمہ امیگریشن کے ڈائریکٹر جوزف ایڈلو نے اپنے بیان میں کہا کہ ورک پرمٹ کی زیادہ سے زیادہ مدت کم کرنے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ امریکا میں کام کرنے کے خواہش مند افراد نہ تو عوامی تحفظ کے لیے خطرہ بنیں اور نہ ہی کسی انتہا پسند یا امریکا مخالف نظریے کو فروغ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب ہمارے دارالحکومت میں نیشنل گارڈ اہلکاروں پر حملہ ایک ایسے تارک وطن نے کیا جسے سابقہ انتظامیہ نے داخل کیا تھا، تو یہ اور بھی ضروری ہو گیا ہے کہ USCIS زیادہ بار بار ویٹنگ کرے۔

اعلامیے کے مطابق یہ نئی پالیسی 5 دسمبر کے بعد جمع ہونے والی ورک پرمٹ درخواستوں اور ان درخواستوں پر بھی لاگو ہوگی جو اس تاریخ تک زیرِ التوا ہوں گی۔

امیگریشن پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن

ڈی سی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی فائرنگ جس میں ایک نیشنل گارڈ اہلکار ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوا کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے امیگریشن پر بڑے پیمانے پر سختیاں شروع کر دی ہیں۔

انتظامیہ نے سیاسی پناہ کی تمام درخواستوں پر کام روک دیا ہے جبکہ تمام افغان شہریوں کی ویزا اور امیگریشن درخواستیں معطل کر دی گئی ، 19 ممالک کے شہریوں کے تمام قانونی امیگریشن کیسز، بشمول شہریت کی تقاریب، روک دی گئی ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹ کر رہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ’ٹرمپ ٹریول بین‘ کی فہرست 19 سے بڑھا کر 30 ممالک تک کرنے پر غور کر رہی ہے، یہ فیصلہ بھی ڈی سی فائرنگ کے تناظر میں زیرِ غور ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔