جدہ (خالد نواز چیمہ) پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے زیرِ اہتمام یومِ تاسیس کی ایک پروقار اور شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، سماجی شخصیات اور کمیونٹی اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی صدارت پیپلز پارٹی سعودی عرب کے صدر چوہدری تصور حسین نے کی، جبکہ سابق مشیر سردار عنایت اللہ عارف مہمانِ خصوصی تھے۔ سردار شہک حیدر ٹر اعزازی مہمان اور آفتاب احمد ترابی اسٹیج سیکرٹری کے طور پر شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری تصور حسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یومِ تاسیس شہداء کے مشن، جمہوریت کے استحکام اور عوامی خدمت کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکن ہمیشہ کی طرح جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
مہمانِ خصوصی سردار عنایت اللہ عارف نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوامی حقوق کی ترجمانی کی ہے اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کی والہانہ شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید کا نظریہ آج بھی دلوں میں زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت بھی اسی عوامی حمایت اور پارٹی کے سیاسی وژن کی عکاسی کرتی ہے۔
تقریب میں سردار اشفاق (مسلم کانفرنس سعودی عرب)، جون گلزار (کرسچین کمیونٹی جدہ)، ملک سعید زنان (اے این پی)، ملک شبیر اعوان اور سردار مہتاب سرور (پیپلز پارٹی آزاد کشمیر) نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد، شہداء کی قربانیوں، اور ذوالفقار علی بھٹو شہید و محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قومی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں ادریس قریشی، سردار وقاص عنایت، ملک جاوید حسین اعوان، چوہدری دلپذیر سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر یومِ تاسیس کا کیک کاٹا گیا اور پارٹی کے شہداء سمیت پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور قومی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
