Wednesday, December 24, 2025
ہومبریکنگ نیوزکرم میں خوارج کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ: 4 دہشت گرد ہلاک، دو اہلکار شہید

کرم میں خوارج کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ: 4 دہشت گرد ہلاک، دو اہلکار شہید

کرم (آئی پی ایس )خیبر پخنتونخوا کے علاقے سینٹرل کرم میں چنارک پولیس چیک پوسٹ پر خوارج کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ڈی پی او کرم کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے 2 جوانوں نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔

علاوہ ازیں مقامی ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے چنارک تھانے کی چیک پوسٹ نذر آتش کر دی، فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے جاری رہا۔ڈی پی او کرم نے مزید بتایا کہ علاقے میں پولیس کی مزید نفری روانہ کی گئی جس نے تین گھنٹے مسلسل دلیری سے مقابلہ کیا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی کا4 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ بہادر پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرکے فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔