ڈھاکہ (آئی پی ایس )سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے مسلمان ایک قوت اور ایک جماعت اور ایک ہی امت ہیں۔بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ہونے والی بین الاقوامی ختمِ نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحریک کسی تشدد کا نہیں بلکہ جدوجہد کے تسلسل کا نام ہے،برصغیر کے مسلمان اور تمام مکاتب فکر کے علما متفق ہیں کہ رسول اللہ ۖکے بعد کوئی نبی نہیں آسکتا۔
انہوں نے کہا کہ نبوت کا دعوی کرنے والا دائرہ اسلام سے خارج تصور کیا جائے گا، ہم پاکستان سے خیر سگالی کا پیغام لیکر آئے ہیں اور بنگلا دیش سے خیر سگالی کا پیغام لے کر جائیں گے۔سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے لوگ تحریکی مزاج رکھتے اور اپنے مقصد کی طرف سیلاب کی طرح آگے بڑھتے ہیں، دو برادر اسلامی ممالک مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کے خواہش مند ہیں اور اس راستے میں ہمارے قدم آگے بڑھیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر آپ پیدل ہماری طرف آئیں گے تو ہم دوڑ کر آپ کی طرف آئیں گے، محبت کا یہ رشتہ مزید مضبوط ہوگا، اور بہت مضبوط ہوگا، دو بھائیوں کے اپنے گھر میں جائیداد تقسیم کرنے سے ان کے بھائی چارے میں کوئی فرق نہیں آتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے مسلمان ایک قوت اور ایک جماعت اور ایک ہی امت ہے،آج کا یہ اجتماع دونوں ملکوں کے درمیان بہتر، مضبوط اور مستحکم تعلقات کا سبب بنے گا۔
