فلوریڈا(شاہ خالد)کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی)نے اعلان کیا ہے کہ ویسٹ انڈیز مینز ٹیم میں پاکستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے لیے چار تبدیلیاں کی گئی ہیں، جو 31 جولائی سے 3 اگست تک فلوریڈا کے برووارڈ کانٹی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔یہ تبدیلیاں حال ہی میں کیریبین میں آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کے سکواڈ کے مقابلے میں کی گئی ہیں۔
فاسٹ بولر شامر جوزف کے ساتھ بیٹسمین کیسی کارٹی، ایلک ایتھنیز اور جانسن چارلس کو الزاری جوزف، ایون لیوس، برینڈن کنگ اور شمرون ہیٹمائر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔الزاری جوزف کو پاکستان کے خلاف ہوم سیریز کے ٹی 20 مرحلے کے لیے آرام دیا گیا ہے تاکہ سال کے باقی مصروف کرکٹ شیڈول سے پہلے ان کے ورک لوڈ کا انتظام کیا جا سکے۔ وہ حال ہی میں یوکے کے دورے اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں مکمل طور پر شریک رہے تھے۔ ایون لیوس انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور وہ 50 اوورز کے مرحلے سے پہلے اپنی صحت کی نگرانی کے لیے واپس گھر جائیں گے، جو 8 اگست سے ٹرینیڈاڈ میں شروع ہوگا۔شمرون ہیٹمائر اور برینڈن کنگ دونوں کو سینٹ کٹس میں آسٹریلیا کے خلاف پانچویں اور آخری ٹی 20 میچ کے دوران سائیڈ اسٹرین کی شکایت ہوئی۔ ہیٹمائر کو سیریز سے باہر کر دیا گیا ہے، جبکہ برینڈن کنگ کی 50 اوورز کے مرحلے کے لیے دستیابی کا جائزہ ابھی جاری ہے۔
