Friday, March 6, 2026
ہومدلچسپروزانہ ایک کھرب 41ارب روپے کما کر مارک زکربرگ اور جیف بیزوز سے زیادہ امیر بن جانے والا شخص

روزانہ ایک کھرب 41ارب روپے کما کر مارک زکربرگ اور جیف بیزوز سے زیادہ امیر بن جانے والا شخص

نیویارک (سب نیوز)ٹیسلا، اسپیس ایکس، ایکس (ٹوئٹر)اور دیگر متعدد کمپنیوں کے مالک ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جو اس وقت 365 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔مگر اب ایسا لگتا ہے کہ ان کے اس اعزاز کو سنجیدہ چیلنج کا سامنا ہے کیونکہ ایک اور فرد بہت تیزی سے ان کے تعاقب میں اوپر آرہا ہے۔
درحقیقت یہ شخص 2025 کے دوران سب سے زیادہ کمانے والا فرد بھی ہے جس کی دولت میں 7 ماہ کے دوران اب تک 109 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوچکا ہے۔زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ زیادہ تر افراد کے لیے یہ نام کافی گمنام ہے اور وہ ہے اوریکل کمپنی کے شریک بانی لیری ایلیسن۔جن کی دولت میں حالیہ ہفتوں کے دوران اوسطا روزانہ 50 کروڑ ڈالرز(ایک کھرب 41 ارب 52 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد)کا اضافہ ہوا ہے۔
جی ہاں واقعی بلومبرگ بلین ائیر انڈیکس کے مطابق لیری ایلیسن مارک زکربرگ اور جیف بیزوز کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن چکے ہیں۔وہ دنیا کے دوسرے فرد ہیں جن کی دولت ایلون مسک کے بعد 300 ارب ڈالرز سے اوپر گئی ہے۔ابھی وہ 301 ارب ڈالرز کے مالک ہیں اور ایلون مسک سے محض 64 ارب ڈالرز پیچھے ہیں۔گزشتہ ہفتے ان کی دولت میں ایک دن میں 28.4 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا تھا اور ایسا ممکن ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں وہ ایلون مسک کو پیچھے چھوڑ دیں۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ وہ امریکی کمپنی اوریکل کارپوریشن کے شریک بانی ہیں۔80 سالہ لیری ایلیسن کے پاس کمپنی کے 41 فیصد حصص ہیں اور ان کی دولت میں تیزی سے اضافہ بھی اوریکل کے حصص کی قیمتیں بڑھنے سے ہوا ہے۔جون میں ان کی دولت میں محض 2 دن کے دوران 41 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا تھا۔انہوں نے 1977 میں اوریکل کمپنی کی بنیاد رکھی تھی اور وقت کے ساتھ یہ کمپنی عالمی کلاڈ کمپیوٹنگ پاور ہاس بن گئی۔ابھی وہ اوریکل میں چیئرمین اور چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ لیری ایلیسن ایلون مسک کے اچھے دوست ہیں اور وہ دسمبر 2018 سے اگست 2022 کے دوران ٹیسلا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا حصہ رہے تھے جبکہ اس کمپنی میں سرمایہ کاری بھی کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔