اسلام آباد(سب نیوز) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے مستونگ میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جانباز سپاہیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
عمر ایوب خان نے میجر زیاد سلیم اول اور سپاہی ناظم حسین کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے ان بہادر سپوتوں نے جان کا نذرانہ دے کر قوم کے تحفظ اور سلامتی کے لیے عظیم قربانی دی۔ پوری قوم کو اپنے ان شہدا پر فخر ہے، اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
عمر ایوب خان نے مزید کہا کہ قوم اپنے ان جانبازوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی حرمت اور دفاع کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ یہ قربانیاں ہماری آزادی، خودمختاری اور امن کی ضمانت ہیں۔
