کراچی (سب نیوز)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم)پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے معاملے پر سندھ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اجرک کی آڑ میں لوٹ مار کا دھندا جاری ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے وزرا اور ان کے بچے فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرتے ہیں۔
کراچی میں پارٹی رہنماوں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے غیرجمہوری طرز عمل سے سندھ میں غم و غصہ ہے، اگر احتجاج کا راستہ نہ اپنایا گیا تو عوام اپنا راستہ خود نہ نکال لیں۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا طرز حکمرانی بدترین ہے، ایم کیوایم نے پیپلزپارٹی کو بہتری کے لیے کافی وقت دیا ہے، پیپلزپارٹی کوپتہ بھی نہیں چلیگاکب انکے پیروں تلے زمین نکل جائیگی۔فاروق ستار نے کہاکہ اجرک والی نمبر پلیٹ کا مذموم مقصد ہے، کراچی میں کھلے عام موٹرسائیکل سواروں کو لوٹا جارہا ہے، انہوں نے کہاکہ اجرک عزت و احترام کی علامت ہے تاہم کراچی میں اجرک کی آڑ میں لوگوں کولوٹاجارہاہے، اجرک کی آڑمیں لوٹ مارکا دھندا شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے کراچی کوتباہ کردیا ہے، وزرا اور ان کے بچے فینسی نمبرپلیٹ استعمال کرتے ہیں جبکہ اندرون سندھ تو کوئی نمبرپلیٹ استعمال ہی نہیں کرتا، مگر کراچی کے لوگوں کو بیجا پابندیاں عائد کر کے ذبح کیاجارہاہے، ڈاکٹر فاروق ستار نے شہریوں کو مفت نمبر پلیٹس دینے کا مطالبہ کردیا۔
