اسلام آباد(سب نیوز)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھارت کی جانب سے لیجنڈز کرکٹ لیگ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار پر شدید ردعمل دیا ہے۔اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ مودی کے نقشِ قدم پر چلتے بھارتی کرکٹرز نے کھیل کو نفرت کی نذر کر دیا۔
میدانِ جنگ میں شکست، سفارت کاری میں ناکامی اور اب کھیل سے فرار بھارت ہر محاذ پر شرمندگی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا نفرت اور تعصب سے آلودہ طرزِ عمل ان کی مودی پرست ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ کھیل تو امن، رواداری اور باہمی احترام کے پیغامبر ہوتے ہیں، مگر بھارت نے یہاں بھی تنگ نظری کا مظاہرہ کیا۔شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کا نام سنتے ہی مودی سرکار کے اعصاب جواب دے جاتے ہیں اور ان کے کھلاڑی میدان سے راہِ فرار اختیار کر لیتے ہیں، کھیل کے بجائے نفرت کے ایجنڈے پر کاربند بھارتی رویہ خطے کے امن اور اسپورٹس مین شپ کے لیے خطرہ ہے۔
