اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کا ہنگامی دورہ کیا جہاں چیئرمین این ڈی ایم اے نے انہیں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں موسم میں معمول سے 30 سے 40 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور نکاسِ آب کے لیے آپریشن جاری ہے، تاہم اس عمل میں کچھ وقت لگے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بعض علاقوں میں کلاوڈ برسٹ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ جانی ومالی نقصان پربہت افسوس ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں چیئرمین این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں ہونے والی حالیہ بارشوں، سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ دنوں میں 30 سے 40 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں کلاوڈ بلاسٹ جیسے موسمیاتی مظاہر بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔ پنجاب اور آزاد کشمیر میں آئندہ 7 روز کے دوران مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔حکام نے آگاہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے کی کارکردگی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رواں سال ریکارڈ بارشیں ہوئیں اور صوبے مکمل تیاری کے ساتھ اس صورتحال سے نمٹ رہے ہیں۔
وزیراعظم نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج چکوال میں ریکارڈ بارش ہوئی ہے، جو غیر معمولی ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگرچہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلیوں کے پیدا ہونے میں کوئی کردار نہیں، لیکن بدقسمتی سے ہمارا ملک ان کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ عوام تک فوری ریلیف پہنچایا جائے اور آنے والے دنوں میں کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں۔
وزیراعظم کا این ڈی ایم اے کا ہنگامی دورہ ، چیئرمین کی حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر بریفنگ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
