راولپنڈی(سب نیوز)سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کو میسر سہولیات سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق قیدی عمران خان کو جیل میں قانون کے مطابق بی کلاس سہولیات میسر ہیں، ان کو خوراک، مطالعہ کتب، اخبارات، ورزش اور واک کی سہولت دی گئی ہے جبکہ نہیں 7سیلز پر مشتمل کمپلیکس میں رکھا گیا ہے جہاں چہل قدمی کیلئے کھلا صحن بھی موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے پاس ایکسرسائز کیلئے سائیکل اور ایل ای ڈی بھی میسر ہے، ان کو دی گئی سہولیات دیگر بی کلاس کے اسیران کو میسر نہیں، بانی پی ٹی آئی کو ذاتی انتخاب کے مطابق اخبارات اور کتب کی سہولت میسر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنا کھانا تیار کروانے کیلئے باقاعدہ قیدی کک فراہم کیا گیا ہے جو ان کی خواہش کے مطابق ناشتہ، دوپہر اور شام کا کھانا تیار کرتا ہے۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے مزید بتایا کہ عمران خان نے جیل سے اب تک 413 بار ٹوئٹر سے ٹوئٹ کروایا، انہوں نے ٹوئٹ سے پارٹی ورکرز کو سیاسی سرگرمیوں پر ہدایات دیں، وہ 2024سے اب تک 10 بین الاقوامی میڈیا چینلز سے بھی تعامل کر چکے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی جیل میں سماعتوں کے دوران صحافیوں سے براہ راست مخاطب بھی رہے۔ ان سے گزشتہ 3 ماہ میں 66 سیاسی لیڈرز، فیملی ممبرز اور وکلا نے ملاقاتیں کیں۔ جیل میں متعین ڈاکٹرز دن میں تین بار مذکورہ حوالاتی کا طبی معائنہ کرتے ہیں، ان کو گزشتہ 2 ہفتے میں کسی بھی قسم کی بیماری یا عارضہ رپورٹ نہ ہوا۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا کہ جیل انتظامیہ بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی اور صحت سے متعلق بھرپور فرائض انجام دے رہی ہے، عمران خان سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانی والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، ان کے ساتھ جیل میں کوئی امتیازی سلوک رواں نہیں رکھا جاتا۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے اہم بیان سامنے آگیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
