Saturday, March 7, 2026
ہومپاکستاننیب نے اعظم سواتی کو کوہستان میگا اسیکنڈل میں 17جولائی کو طلب کرلیا

نیب نے اعظم سواتی کو کوہستان میگا اسیکنڈل میں 17جولائی کو طلب کرلیا

اسلام آباد (سب نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب)نے سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آی رہنما اعظم سواتی کو کوہستان میگا اسیکنڈل میں 17 جولائی کو طلب کرلیا، نیب خیبرپختونخوا نے طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب خیبرپختونخوا نے سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کو کوہستان میگا اسیکنڈل میں طلب کرلیا جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن امجد علی کو تحقیقات کے لیے طلب کرلیا۔نیب خیبرپختوا کی جانب سے دونوں رہنماوں کو طلبی کے نوٹس جاری کردیے گئے ہیں، جس میں کہا گیا کہ اعظم سواتی کو سرکاری فنڈز میں مبینہ 36 ارب روپے کی خرد برد کیس میں طلب کیا گیا، اعظم خان سواتی 17 جولائی کو نیب پشاورمیں پیش ہوں۔
نیب نے اعظم سواتی کی گزشتہ پیشی پر فراہم کردہ ریکارڈ کو ناکافی قرار دیتے ہوئے طلبی پر پیش نہ ہونے پر سخت کارروائی کی بھی تنبیہہ کی۔ دوسری جانب نیب خیبرپختونخوا نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزامات پر رکن خیبرپختونخوا اسمبلی امجد علی کو بھی طلبی نوٹس جاری کردیا، جس میں انہیں 17 جولائی تک اپنے تمام اثاثہ جات کا مکمل ریکارڈ اور سوال نامے کے تحریری جوابات، انکم ٹیکس ریٹزن سمیت ٹیکس تفصیلات بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوں سے ان الزامات کی روشنی میں تفتیش کی جائے گی اور ان کے فراہم کردہ ریکارڈ کی بنیاد پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔