Wednesday, March 11, 2026
ہوماسلام آبادمارگلہ ہلز نیشنل پارک میں غیر قانونی بستی کے خلاف گرینڈ آپریشن، 1.5 ایکڑ اراضی واگزار

مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں غیر قانونی بستی کے خلاف گرینڈ آپریشن، 1.5 ایکڑ اراضی واگزار

اسلام آباد (آئی پی ایس )اسلام آباد کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی تحفظ کو برقرار رکھنے کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ایک اور اہم پیش رفت۔ مارگلہ ہلز نیشنل پارک ایریا میں غیر قانونی طور پر قائم کی گئی بستی کے خلاف کامیاب گرینڈ آپریشن کے دوران 1.5 ایکڑ اراضی واگزار کرا لی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ/ڈائریکٹر ڈی ایم اے ڈاکٹر انعم فاطمہ کی نگرانی میں یہ آپریشن ٹریل تھری سے ملحقہ نیشنل پارک ایریا میں عمل میں لایا گیا۔

کارروائی کے دوران ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی نفری بھی تعینات رہی۔آپریشن کے نتیجے میں نیشنل پارک کی حدود میں قائم 13 غیر قانونی مکانات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا گیا اور قیمتی سرکاری اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کرایا گیا۔یاد رہے کہ آپریشن سے قبل تمام غیر قانونی مکینوں کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے اور مکانات کو مکمل طور پر خالی کرایا گیا تاکہ کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔واگزار کرائی گئی اراضی کو ماحولیاتی تحفظ کے پیش نظر فوری طور پر محکمہ انوائرنمنٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے،

تاکہ نیشنل پارک کے قدرتی ماحول کو بحال رکھا جا سکے۔ سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے قدرتی حسن کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور مارگلہ ہلز نیشنل پارک سمیت تمام حساس علاقوں میں کسی بھی قسم کی تجاوزات یا غیر قانونی قبضے کو ہرگز برداشت نہیںکیاجائیگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔