راولپنڈی (سب نیوز )بیرسٹر گوہر کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، بیرسٹر گوہر نے عمران خان کو وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش، پی ٹی آئی کی اسیر قیادت کے خط سے متعلق بتایا اور مشورہ دیا کہ احتجاج میں عدم شرکت پر کسی کو پارٹی سے نہ نکالا جائے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر اور ظہیر عباس چودھری موجود تھے، بیرسٹر گوہر خان نے بانی پی ٹی آئی کو پارٹی امور پر بریف کیا۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر خان نے خیبرپختونخوا، پنجاب اور آزاد کشمیر میں سیاسی صورت حال پر آگاہ کیا، بیرسٹر گوہر خان نے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کے بارے میں بھی بانی کو بتایا، بیرسٹر گوہر خان نے اسیر قیادت کے خط کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی غور سے بیرسٹر گوہر خان کی باتیں سنتے رہے، بیرسٹر گوہر خان نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا موجودہ حالات میں قیادت کے بارے سخت پیغامات مناسب نہیں، بیرسٹر گوہر خان نے بانی پی ٹی آئی کو قانونی معاملات پر بھی بریف کیا اور 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کی پوزیشن سے بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر خان نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا احتجاج اور عدلیہ کے علاوہ بھی دستیاب آپشنز پر غور کرنا چاہییے۔ بیرسٹر گوہر خان نے پارٹی اور باہر کی ساری صورت حال بانی کے سامنے رکھی، بیرسٹر گوہر خان نے احتجاج میں شرکت نہ کرنے پر لوگوں کو پارٹی سے نکالنے کی ہدایات پر نظر ثانی کی درخواست کی۔ بیرسٹر گوہر خان نے بانی کو بتایا لوگوں نے آپ کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں، بیرسٹر گوہر خان کی گفتگو پر بانی پی ٹی آئی نے کوئی حتمی جواب نہیں دیا۔