اسلام آباد (سب نیوز )اسلامی جمہوریہ پاکستان میں بلغاریہ کی سفیر ایرینا گانچیوانے چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، خصوصا ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے اور دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
محترمہ ایرینا گانچیوا نے چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی قیادت میں دارالحکومت کی ترقی، خوبصورتی اور ماحولیاتی پائیداری کو برقرار رکھنے کے لیے سی ڈی اے کی اہم کوششوں اور اقدامات کو سراہا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کو مزید ترقی یافتہ اور خوبصورت بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ بلغاریہ کی سفیر محترمہ ایرینا گانچیوا نے شہر کی ترقی، خوبصورتی اور ماحول دوست درخت لگانے کے لیے سی ڈی اے کی شاندار کوششوں کو سراہا۔
ملاقات کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے جمہوریہ بلغاریہ کے ساتھ باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ بلغاریہ کی سفیر نے بھی تعاون کو فروغ دینے میں بھرپور مدد کی یقین دہانی کرائی اور سی ڈی اے کے ساتھ قریبی شراکت داری میں کام کرنے کی بلغاریہ کی خواہشکااظہارکیا۔