Tuesday, July 8, 2025
ہومبریکنگ نیوزغزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی تیاری، رفح کے ملبے پر کیمپ قائم کرنے کا حکم

غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی تیاری، رفح کے ملبے پر کیمپ قائم کرنے کا حکم

مقبوضہ بیت المقدس(سب نیوز)اسرائیل کے وزیر دفاع نے غزہ کے تمام فلسطینیوں کو جبری بے دخل کر کے رفح کے ملبے پر قائم کیمپ میں زبردستی منتقل کرنے کا منصوبہ پیش کر دیا۔ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی فوج کو رفح شہر کے ملبے پر ایک کیمپ قائم کرنے کا حکم دیا ہے، انہوں نے اس کیمپ کو انسانی ہمدردی کا شہر کہا ہے۔

کاٹز نے اسرائیلی صحافیوں کو بریفنگ میں بتایا کہ فلسطینیوں کو کیمپ میں داخل ہونے سے پہلے سیکیورٹی سکریننگ سے گزرنا ہوگا اور ایک بار اندر جانے کے بعد انہیں کیمپ سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اسرائیلی فورسز اس جگہ کے اردگرد کنٹرول سنبھالیں گی اور ابتدائی طور پر تقریبا 6 لاکھ فلسطینیوں کو اس علاقے میں منتقل کیا جائے گا، جن میں زیادہ تر وہ لوگ ہوں گے، جو اس وقت المواسی کے علاقے میں بے گھر ہیں۔

اسرائیل کاٹز کے بقول بتدریج پورے غزہ کی آبادی کو وہاں منتقل کیا جائے گا اور اسرائیل کا مقصد ہجرت کے منصوبے پر عمل درآمد کرنا ہے، اور اس پر عملدرآمد ہو کر رہے گا۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بین الاقوامی سطح پر غزہ میں انسانی بحران اور رفح میں بڑے پیمانے پر تباہی پر شدید تشویش پائی جاتی ہے، ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ جبری بے دخلی اور فوجی کنٹرول میں لوگوں کو مستقل طور پر کیمپوں میں رکھنے کے مترادف ہو سکتا ہے، جہاں ان کی آزادی یا واپسی کے امکانات غیر واضح ہیں

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔