اسلام آباد(آئی پی ایس) زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے قرض داروں سے 9 ارب روپے وصول نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جنید اکبر کی صدارت میں ہوا، جس میں زرعی ترقیاتی بینک کی جانب سے قرض داروں سے 9 ارب روپے وصول نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
دوران اجلاس ملک بھر کے 1601 قرض داروں کی جانب سے ایک روپیہ بھی قرض واپس نہ کرنے پر کمیٹی اراکین حیران ہو گئے۔
اس موقع پر آڈٹ حکام نے بتایا کہ کوئٹہ، کراچی اور لاہور کے قرض داروں کے لیے 16 فیصد واجب الادا رقم وصول کی گئی ہے، تاہم ملک بھر میں زرعی ترقیاتی بینک کے نادہندگان کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔
خواجہ شیراز نے استفسار کیا کہ ملک میں اس وقت جو سیکٹر منافع میں ہے وہ بینکنگ ہے، لیکن زرعی ترقیاتی بینک کیوں مسلسل ڈوب رہا ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ جو ریکوری ہوئی ہے اس کو آڈٹ سے ڈبل چیک کروائیں اور باقی کی وصولی کا بھی کمیٹی کو بتا دیں۔