اسلام آباد(آئی پی ایس) وفاقی کابینہ نے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔
وزارت غذائی تحفظ کے مطابق چینی کی درآمد حکومتی شعبے کے ذریعے کی جائے گی،چینی کی درآمد کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور فوری عمل درآمد شروع کیا جا رہا ہے۔
وزارت غذائی تحفظ کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا، چینی درآمد کا طریقہ ماضی سے مختلف اور بہتر حکمت عملی کی نمائندگی کرتا ہے، ماضی میں اکثر چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے سبسڈی پر انحصار کیا جاتا تھا۔
وزارت غذائی تحفظ کے مطابق چینی برآمد کرنے کا فیصلہ اُس وقت کیا تھا جب چینی وافر مقدار میں دستیاب تھی، اب چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے چینی درآمد کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں ہول سیلز میں چینی کا بھاؤ 179 روپے فی کلو ہے اور عاشورہ کے بعد ہول سیلز میں چینی کی فی کلو قیمت 3 روپے بڑھی ہے۔
کراچی میں ہول سیلز میں چینی کا بھاؤ 15 مئی سے تاحال 13 روپے فی کلو بڑھ چکا ہے اور ریٹیل بازار میں چینی 190 روپے سے 200 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔
کراچی میں 15 مئی کو ریٹیل سطح پر چینی 170 روپے میں فروخت ہورہی تھی اور اب ریٹیل میں چینی کا بھاؤ 20 سے 30 روپے فی کلو بڑھ چکا ہے۔