اسلام آباد:حکومت نے قومی آرٹیفشل انٹیلیجنس کی ترقی کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کردیا، وزارت آئی ٹی ملک بھر میں اے آئی ہب اور تربیتی مراکز قائم کرے گی، 20 ہزار طلبہ و طالبات کو اے آئی تربیت دی جائے گی، ایک سو پچاس اسٹارٹ اپس کو اے آئی گرانٹس دی جائیں گی۔
وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے قومی سطح پر اے آئی منصوبہ شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی حکام نے کے مطابق قومی اے آئی منصوبے کے لیے پلاننگ کمیشن نے پی سی ون کی منظوری دے دی ہے۔
سرکاری دستاویز کے مطابق قومی اے آئی منصوبے کے لیے 53 کروڑ 46 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، منصوبے کے تحت وزارت آئی ٹی ملک بھر میں اے آئی ہب اور تربیتی مراکز قائم کرے گی، 7 شہروں میں نیشنل انکیوبیشن سینٹرز میں اے آئی ہب قائم ہوں گے۔
سرکاری دستاویز کے مطابق 20 ہزار طلبہ و طالبات کو اے آئی تربیت دی جائے گی، 150 اسٹارٹ اپس کو اے آئی گرانٹس دی جائیں گی، 500 پروفیشنلز کو اے آئی تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
2025-26 کے اہداف میں 2 اے آئی حب، 3 ہزار تربیتی ورکشاپ، 2 آگاہی سیشن کا انعقاد شامل ہے، منصوبے کے تحت شفاف اور منصفانہ اے آئی گورننس کی حکمت عملی اپنائی جائے گی، منصوبہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن سے ہم آہنگ ہوگا،منصوبے کا مقصد اے آئی اسکلز، تربیت، اور گورننس کو فروغ دینا ہے۔