Tuesday, July 1, 2025
ہومبریکنگ نیوزدریا میں پانی کا بہاؤ کتنا تھا اور الرٹ کب جاری کیا گیا؟ سوات واقعے پر محکمہ آبپاشی کی رپورٹ جاری

دریا میں پانی کا بہاؤ کتنا تھا اور الرٹ کب جاری کیا گیا؟ سوات واقعے پر محکمہ آبپاشی کی رپورٹ جاری

پشاور(آئی پی ایس) دریائے سوات میں 27 جون کو سیاحوں کے ساتھ پیش آنے والے افسوس ناک واقعے پر محکمہ آبپاشی نے رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق 27 جون کو خوازہ خیلہ میں دریا کا بہاؤ چند گھنٹوں میں 6738 سے بڑھ کر 77782 کیوسک ہوا، محکمہ آبپاشی نے ریلے سے متعلق وارننگ تمام متعلقہ اداروں کو صبح 8:41 پر جاری کی، ڈی سی سوات، چارسدہ اور نوشہرہ کو بھی پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ پر تمام حکام کو دریا کے بہاؤ کی مسلسل اپڈیٹس دیتے رہے، 10:30 پر ہی شدید سیلاب کا انتباہ جاری کردیا تھا، اس حوالے سے ڈی سی، پی ڈی ایم اے، اے ڈی سی ریلیف اور دیگر اداروں کو کئی بار الرٹ بھیجے۔

پانی کا بہاؤ تیز تھا، 45 منٹ میں جو ممکن تھا وہ کیا: سانحہ سوات پر سابق ریسکیو افسر کا بیان ریکارڈ

رپورٹ کے مطابق محکمہ آبپاشی نے بروقت ایمرجنسی کی اطلاع دی، خوازہ خیلہ میں سیاح معمول کے بہاؤ میں دریا کے بیچ داخل ہوئے اورپھنس گئے، واقعہ شدید بارش کے باعث اچانک پانی کا بہاؤ بڑھنے سے پیش آیا، 2022 کے بعد دریا کے بہاؤ میں مٹی بھر جانے سے سیاح ندی کے اندرتک جارہے ہیں۔

رپورٹ میں ریسکیو 1122 کو فلڈ ریسکیو آلات مہیا کرنے، سیاحتی علاقوں میں داخلہ محدود کرنے، ہوٹل مالکان کو پابند بنانے اور مدین اور کالام میں اضافی ٹیلی میٹری گیجز لگانے کی سفارش کی گئی ہے جب کہ رپورٹ میں مقامی انتظامیہ کو سیاحوں کو محفوظ مقام تک محدود رکھنے کے لیے پالیسی بنانے کی تجویز بھی کی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔