بیجنگ : چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے چینی وزیر تجارت وانگ ون تھاؤ کے دورہ فرانس کے کے دوران یورپی کمیشن کے تجارتی اور اقتصادی سلامتی کے کمشنر شیووویچ کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چین اور یورپی یونین نے چین کی برقی گاڑیوں کے خلاف یورپی یونین کے اینٹی سبسڈی کیس ، یورپی یونین کی برانڈی کے خلاف چین کے اینٹی ڈمپنگ کیس ، اور برآمدی کنٹرول جیسے فوری اور اہم معاملات پر واضح اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
ترجمان نے کہا کہ دونوں حکام نے دونوں اطراف کی ورکنگ ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ اس سال چین اور یورپی یونین کے اہم ایجنڈے کی تیاری کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین اور یورپی یونین نے چینی برقی گاڑیوں کے کیس کو مناسب طریقے سے حل کرنے کی صحیح سمت میں ایک اور بڑا قدم اٹھایا ہے۔ فی الحال، برقی گاڑیوں پر چین اور یورپی یونین کے مابین قیمت پر بات چیت حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے، لیکن اب بھی دونوں اطراف سے کوششوں کی ضرورت ہے. برانڈی کیس کے حوالے سے فرانسیسی کمپنیوں اور متعلقہ ایسوسی ایشنز نے رضاکارانہ طور پر چینی فریق کو قیمتوں کے حلف نامے کے لیے درخواست جمع کرائی ہے اور چینی فریق کا فرانسسی فریق کے ساتھ قیمت کی مرکزی دفعات پر اتفاق رائے طے پایا ہے۔
بات چیت میں چینی وزیر تجارت وانگ ون تھاؤ نے اس بات پر زور دیا کہ ریئر ارتھ میٹلز سمیت دیگر اشیاء پر برآمدی کنٹرول کا نفاذ ایک عام بین الاقوامی عمل ہے اور چین یورپ کے خدشات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔وانگ ون تھاؤ کا کہنا تھا کہ چین اہل درخواستوں کے لئے ایک گرین چینل قائم کرنے اور منظوری کے عمل کو تیز تر کرنے کے لئے تیار ہے۔