Wednesday, June 4, 2025
spot_img
ہومپاکستانپاکستانی عازمین حج کے کھانے پر 15کروڑ سے زائد اخراجات، وزارت مذہبی امور

پاکستانی عازمین حج کے کھانے پر 15کروڑ سے زائد اخراجات، وزارت مذہبی امور

اسلام آباد (سب نیوز)رواں سال حج کے دوران پاکستانی عازمین کے کھانے پر 15 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق، ہر عازم کو روزانہ 34 سعودی ریال مالیت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ کھانے کی مد میں فی حاجی سے 1360 ریال وصول کیے گئے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں 22 اور مدینہ منورہ میں 13 کمپنیاں پاکستانی عازمین کو کھانے کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ حاجیوں کو اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں سستا اور معیاری کھانا مہیا کیا جا رہا ہے، جس میں روزانہ تین وقت کا مکمل کھانا شامل ہے۔سرکاری اسکیم کے تحت اب تک 88 ہزار 380 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ نجی اسکیم کے تحت 27 ہزار 11 عازمین نے شرکت کی ہے۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ 15 ہزار 391 پاکستانی اس سال حج ادا کر رہے ہیں، تاہم پاکستان کو دیے گئے ایک لاکھ 79 ہزار 210 کے مکمل کوٹے کا صرف 64.39 فیصد ہی استعمال ہو سکا۔ اس طرح 63 ہزار 830 افراد حج سے محروم رہ گئے۔
ذرائع کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر 10 ذی الحج کو عازمین کو خصوصی دیسی کھانے پیش کیے جائیں گے جن میں ناشتہ میں آملیٹ، حلوہ، خبس/روٹی اور دودھ والی چائے، دوپہر میں چکن بخاری، دال مونگ، روٹی اور سیب، جبکہ رات کے کھانے میں آلو مٹن قیمہ، مکس سبزی، متنجن، روٹی، سبز چائے اور دیگر اشیا شامل ہوں گی۔عازمین کو ہر کھانے کے ساتھ جوس یا لسی، پانی اور پھل بھی فراہم کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ طویل دورانیے کا حج 40 سے 46 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ کم دورانیے کا حج 22 سے 25 روز پر محیط ہوتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔