اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے عید الاضحی کے موقع پر ایکسپریس وے پر قائم بکر منڈی کا آج دورہ کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بکرمنڈی کے باہر پارکنگ کے لئے ایریا مختص کرنے کا حکم دیا اور فی جانور فیس میں بھی مناسب کمی کی ہدایت کی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے بکر منڈی میں بیوپاریوں اور شہریوں کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا اور صفائی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔
انہوں نے مویشی منڈی میں انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے بیوپاریوں سے ملاقات کی اور انتظامات کے متعلق بھی دریافت کیا۔ بیوپاریوں کے مطالبے پر وزیر داخلہ نے مویشی منڈی کیلئے فوری طور پر جگہ وسیع کرنے کا حکم دیا اور منڈی میں لائٹنگ اور پانی کی وافر فراہمی کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے بیوپاریوں نے کہا کہ ابھی تک گاہک کم آ رہے ہیں اور موسم کی شدت کی وجہ سے زیادہ تر لوگ شام اور رات کو منڈی کا رخ کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے منڈی میں ایک سفید بیل میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور بیل کی خوبصورتی کی تعریف کی ۔ بیوپاری نے کہا کہ اس بیل کی وہ 18 لاکھ ڈیمانڈ کررہے ہیں اور بیل کا وزن 14 من سے زیادہ ہے۔ وزیر داخلہ نے منڈی میں آئے ہوئے شہریوں سے بھی ملاقات کی۔ شہریوں کی درخواست پر وزیر داخلہ نے منڈی سے ملحقہ کراسنگ پل کی فوری مرمت کا حکم دیا۔چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا۔ ڈپٹی کمشنراسلام آباد عرفان میمن اور اعلی حکام بھی اس موقع پرموجودتھے۔
