Thursday, May 29, 2025
spot_img
ہومپاکستانپاکستان کی مسجد اقصی پر اسرائیلی اشتعال انگیز اقدامات اور اسکول حملے کی شدید مذمت

پاکستان کی مسجد اقصی پر اسرائیلی اشتعال انگیز اقدامات اور اسکول حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان نے اسرائیلی قابضین اور غیر قانونی آباد کاروں کی جانب سے مسجد اقصی کے مذہبی، تاریخی اور قانونی مقام کو کمزور کرنے کے اشتعال انگیز اقدامات اور اسرائیل کے اسکول پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اشتعال انگیزاقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے، ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں، اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، یہ اقدامات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی مزید بڑھا سکتے ہیں۔شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان، مقدس مقامات کے تقدس اور تاریخی حیثیت کے تحفظ پر زور دیتا ہے اور اسرائیل کو مزید اشتعال انگیزیوں سے باز رکھنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان غزہ میں فلسطینی شہریوں کو مسلسل نشانہ بنانے کی بھی سخت مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکول پر حالیہ حملہ جہاں بے گھر خاندان پناہ لیے ہوئے تھے اسرائیلی جارحیت اور بے لگام ظلم کی ایک اور مثال ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد سامنے آنے والی دل دہلا دینے والی تصاویر جن میں درجنوں افراد خصوصا بچے شہید ہوئے، یہ کارروائیاں عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہونی چاہییں اور ان حملوں کو فوری طور پر بند کیا جانا چاہیئے، اسرائیل کو ان سنگین جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور مسلسل فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے،ایک ایسی فلسطینی ریاست جو القدس الشریف بطور دارالحکومت 1967 سے پیشگی سرحدوں پر مشتمل ہو۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔