مہر آباد (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے۔
پیر کے روز وزیر اعظم شہباز شریف نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی کے ہمراہ ایران کے دارالحکومت تہران پہنچے۔مہرآباد ائیر پورٹ تہران پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستان میں ایرانی سفیر ، ایران میں پاکستانی سفیر اور دیگر حکام کے ساتھ پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
ہوائی اڈے پر وزیرِ اعظم کو ایرانی فوج کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔وزیراعظم ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کیلئے سعد آباد پیلس تہران پہنچیں گے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔وزیراعظم اور پاکستانی وفد کی ایرانی صدر اور ان کے وفد کے ساتھ ملاقات ہوگی جبکہ وزیراعظم پاک، بھارت جنگ میں امن کوششوں پر ایرانی صدر اور عوام کا شکریہ ادا کریں گے۔
شہباز شریف وفد کے ہمراہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کریں گے جس کے دوران دوطرفہ امور کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی امور پر گفتگو ہوگی۔وزیر اعظم وفد کے ہمراہ ایرانی صدر کے دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے، پرتپاک استقبال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔