اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے نے اسلام آباد میں جاری بارش ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے اپنے سب اسٹیشنز پر تمام فائر اینڈ ریسکیو یونٹس سمیت اپنی ایمرجنسی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں کو فعال کر دیا ہے۔
ریسکیو ٹیمیں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گشت کر رہی ہیں تاکہ چوکسں رہتے ہوئے کسی بھی ایمرجنسی پر بروقت قابو پایا جا سکے۔ سی ڈی اے ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ ڈائریکٹوریٹ، انوائرمنٹ ونگ، اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے اسلام آباد متعدد کامیاب آپریشنز کیے گئے ہیں جن میں E-7 سیکٹر میں سٹریٹ 20 کے قریب ایک چلتی کار پر گرنے والے درخت سے متاثرین کو بچانا بھی شامل ہے، جو کہ تیز آندھی اور موسم کی خراب صورتحال کے باعث متاثر ہوئی ہے۔ یہ واقعہ اچانک اور تشویشناک تھا، لیکن متعلقہ حکام کے فوری ردعمل کی وجہ سے خوش قسمتی سے صورتحال کنٹرول میں رہی ۔
راہگیروں نے فوری طور پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے)کی ریسکیو ٹیم کو آگاہ کیا، جو خصوصی آلات سے لیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی۔ ٹیم نے موثر طریقے سے ڈرائیور کو گاڑی سے نکالا، اس کی حفاظت کو یقینی بنایا، اور پھر سڑک کو صاف کرنے کے لیے گرے ہوئے درخت کو ہٹا دیا۔ ان کی فوری اور پیشہ ورانہ کوششوں نے نہ صرف ڈرائیور کی دیکھ بھال کویقینی بنایا بلکہ علاقے میں ٹریفک کی روانی کو بھی بحال کیا۔سی ڈی اے کی امدادی ٹیموں نے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے نمٹنے کے علاوہ سیکٹر F-8/2 میں فائر کال کو کلیئر کیا۔ سی ڈی اے عوامی بچائو اورحفاظت کے لیے پرعزم ہے اور شہریوں پر زور دیتا ہے کہ وہ ہنگامی حالات کی اطلاع سی ڈی اے کے متعلقہ محکموں کو دیں تاکہ انہیں فوری طور پر کنٹرول/کلیئر کیا جا سکے۔

