اسلام آباد :پاک بھارت حالیہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے افواجِ پاکستان سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اور کاروباری برادری اپنی بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “یہ وقت قومی یکجہتی کا ہے، پاکستان اس وقت اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، ایسے میں ہمیں اپنی افواجِ پاکستان پر بھرپور اعتماد اور مکمل اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔”
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاک فوج صرف ایک عسکری ادارہ نہیں بلکہ قوم کا فخر، طاقت اور ہماری سلامتی کی ضامن ہے۔ “ہمارے سپاہی شدید موسمی حالات میں سرحدوں پر دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑے ہوتے ہیں تاکہ ہم آزادی اور امن کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔”
صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ “فیڈریشن اور پوری بزنس کمیونٹی اپنی جان، مال اور کاروبار پاکستان اور اس کی افواج کے لیے وقف کرنے کو تیار ہے۔ ہم دشمن کی سازشوں اور پروپیگنڈے کا مقابلہ ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے سے کریں گے۔”
انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی حب الوطنی اور قومی استحکام کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔ “ہم ثابت کریں گے کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ یکجا اور ہر قربانی کے لیے تیار ہے۔”