اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن، ممبر پلاننگ، نسٹ کے وفد، ڈائریکٹر ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سی ڈی اے سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سی ڈی اے اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے جسکا مقصد سی ڈی اے کے مختلف شعبہ جات میں افرادی قوت کی کمی کو شفافیت اور اہلیت کی بنیاد پر مبنی ریکروٹمنس کے جدید، فول پروف اور کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ اور مارکنگ کے نظام کے تحت بھرتی کرنا ہے کیونکہ سی ڈی اے نہ صرف محنتی، قابل، تعلیم یافتہ، آئی ٹی ٹیکنالوجی کر عبور رکھنے والے بہتر سے بہترین افرادی قوت کے اضافے کیلئے پرعزم ہے بلکہ اس معاہدے کے تحت سی ڈی اے میں مختلف ونگز میں افرادی قوت کی بھرتی کیلئے نسٹ یونیورسٹی کا میرٹ اور ریکروٹمنٹ کا شاندار ٹریک ریکارڈ کے باعث انتخاب کیا ہے۔
جسمیں امیدواروں کی درخواستوں کی سیکروٹنی، کمپیوٹر بیسڈ تحریری ٹیسٹ لئے جائیں گے جو مکمل طور پر کمپیوٹر بیسڈ ہوں گے۔ ان امتحانات کا انعقاد نسٹ یونیورسٹی کرے گی جن کی نگرانی کے تمام مراحل سائنٹیفک اور خودکار نظام کے تحت نسٹ یونیورسٹی مکمل کرے گی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس موقع پر کہا کہ سی ڈی اے کو تعلیم یافتہ، ہنر مند، باصلاحیت، محنتی اور قابل افراد کی تلاش ہے اور ان ٹیسٹوں کا مقصد صرف بھرتی نہیں بلکہ معیار، شفافیت اور میرٹ کو ترجیح دینا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیسٹ کی کوالٹی اعلی ہونی چاہیے تاکہ صحیح معنوں میں ٹیلنٹ کو سی ڈی اے کا حصہ بنایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے میں بھرتی کا عمل شفافیت، اہلیت اور قابلیت کو بنیاد بنا کر مکمل کیا جائے گا، تاکہ ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ور میسر ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے انسانی وسائل کا جدید اور مانیٹرنگ کا موثر نظام ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے نسٹ یونیورسٹی کے ساتھ شراکت داری ایک اہم سنگِ میل ہے۔
سی ڈی اے اعلی تعلیم یافتہ، محنتی، قابل اور جدید آئی ٹی کے تقاضوں سے ہم آہنگ نوجوانوں کو روزگار کے مساوی اور شفاف مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے اور نسٹ مستقبل میں بھی مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے اور نسٹ کی جدید تحقیق سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور اس کے ساتھ سی ڈی اے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اس امید کا اظہار کیا کہ نسٹ کی اکیڈیمیا اور سی ڈی اے کے مابین اشتراکِ عمل کو فروغ دے کر قومی ترقی، جدت اور استعداد کار میں بہتری لائی جائے گی۔ نسٹ کے وفد نے سی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو یقین دلایا کہ نسٹ میرٹ، شفافیت اور کمپیوٹر بیسڈ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سی ڈی اے میں بھرتی کیلئے امیدواروں کی ریکروٹمنٹ کرے گا تاکہ وہ سی ڈی اے کا حصہ بن کر سی ڈی اے کے پلیٹ فارم سے اسلام آباد اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔