Tuesday, April 29, 2025
ہومبریکنگ نیوزمحسن نقوی کی فضل الرحمان سے ملاقات، بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے پر اتفاق

محسن نقوی کی فضل الرحمان سے ملاقات، بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے پر اتفاق


لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک بھارت کشیدگی اور فلسطین مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے بھارت کے غیر منطقی اور یکطرفہ اقدامات پر پاکستان کے اصولی موقف اور فیصلوں پر مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا، وفاقی وزیر داخلہ نے سربراہ جے یو آئی کو نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں کے بارے بھی آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‏مودی مسلمان دشمن ہے، اسلام اور مسلمان کے مقابلے میں جہاں کوئی محاذ ملے گا مودی وہاں کھڑا ہو جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے، پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔