بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری دنیا 140 کروڑ انڈین شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایک بیان میں نریندر مودی نے پہلگام میں حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’میں متاثرین کو یقین دلاتا ہوں کہ انھیں انصاف ملے گا۔‘
مودی نے کہا کہ ’پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے دہشت گردی کے واقعے نے ملک کے ہر شہری کو غمزدہ کر دیا ہے۔ ہر انڈین شہری کو متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی ہے۔‘
’میں ایک بار پھر متاثرہ خاندانوں کو یقین دلاتا ہوں کہ انھیں انصاف ملے گا، انصاف کی جیت ہوگی۔ اس حملے کے مجرموں اور سازش کرنے والوں کو سخت ترین جواب دیا جائے گا۔‘
بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ ’پہلگام میں یہ حملہ دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والوں کی مایوسی کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ ان کی بزدلی کو ظاہر کرتا ہے۔‘
’لوگوں کا غصہ پوری دنیا میں محسوس کیا جا رہا ہے۔ اس دہشت گردانہ حملے کے بعد پوری دنیا سے مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری دنیا 140 کروڑ انڈین شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
اُدھر پہلگام میں حملے کی تحقیقات کی ذمہ داری وزارت داخلہ کے حکم پر انڈیا کی مرکزی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کو سونپ دی گئی ہے۔
این آئی اے نے کہا کہ آئی جی، ڈی آئی جی اور ایس پی کی نگرانی میں تشکیل دی گئی ٹیم پہلگام کی وادی بیسران میں منگل کو حملے کے عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ منگل کو پہلگام میں سیاحوں پر حملے میں 26 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔