ممبئی(آئی پی ایس )مقبوضہ کشمیر میں پہلگام کے خود ساختہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد جہاں مودی سرکار پاکستان دشمن اقدامات پر اندھا دھند آگے بڑھ رہی ہے، وہیں خود بھارتی سیاسی رہنما بھی انتباہ دینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے مودی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خاموش نہیں بیٹھے گا اور ہر اقدام کا بھرپور جواب دے گا۔شرد پوار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ آج ہم کوئی بھی فیصلہ لے سکتے ہیں، لیکن کل پاکستان بھی ردعمل دے گا میں نہیں سمجھتا کہ پاکستان خاموشی اختیار کرے گا۔
ان کے اس بیان نے بھارتی حکمرانوں کے جنگی جنون اور عاقبت نااندیش فیصلوں پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے۔یاد رہے کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر پاکستان پر جھوٹے الزامات لگاتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ معطل کردیا، واہگہ اٹاری بارڈر بند کردیا اور پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت نے پاکستان میں موجود اپنے سفارتی عملے کو بھی محدود کر دیا ہے۔تاہم پاکستان نے بھارتی جارحیت کا نہایت مدلل اور بھرپور جواب دیتے ہوئے نہ صرف شملہ معاہدہ معطل کرنے کا انتباہ جاری کیا بلکہ بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط ختم کرتے ہوئے اپنے فضائی حدود بھارتی طیاروں کے لیے بند کر دی ہے۔ پاکستانی اقدام نے بھارت کو شدید معاشی اور سفری دبا میں مبتلا کر دیا ہے۔
شرد پوار نے پاکستانی فضائی حدود کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اعتراف کیا کہ تقریبا تمام پروازیں جو یورپی ممالک کی طرف جاتی ہیں، پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں۔ اگر یہ راستہ بند ہو جائے تو ہوائی سفر نہایت مہنگا ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں جب 2019 میں پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کی تھی تو بھارتی ائیرلائنز کو تقریبا 700 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔شرد پوار نے مودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس دہشت گردی کے خاتمے کے دعوے کیے جا رہے تھے، پہلگام کا واقعہ ان دعوں کی قلعی کھول دیتا ہے اور یہ سیکیورٹی کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ بھارتی پروپیگنڈے کے باوجود، پاکستان نہ صرف اپنے دفاع میں پرعزم ہے بلکہ سفارتی میدان میں بھی بھارت کو بے نقاب کر رہا ہے۔ بھارتی سیاستدانوں کی خود اپنے ملک کی حکومت پر تنقید اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ پاکستان سچائی کی راہ پر گامزن ہے اور بھارت اپنی جھوٹی چالاکیوں میں بری طرح پھنس چکا ہے۔