راولپنڈی (آئی پی ایس) راولپنڈی کے معروف ہاؤسنگ پراجیکٹ روڈن انکلیو کے جنرل منیجر محمد راشد نے فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی راولپنڈی کے ساتھ کھڑے ہونے اور مستقبل میں تعاون بڑھانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں جی ایم راشد نے یونیورسٹی کی ڈائریکٹر اسپورٹس میڈم تصور سے خصوصی ملاقات کی، جس میں دونوں اداروں کے درمیان مختلف مثبت اور تعمیری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ طالبات کے روشن مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے بزنس مین کمیٹی کے تحت لیکچرز اور مختلف سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔
جی ایم راشد کا کہنا تھا کہ “ہم فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کے ساتھ مکمل طور پر کھڑے ہیں، اور ان شاءاللہ طالبات کو درکار ہر قسم کی اسپانسرشپ اور سہولیات فراہم کریں گے۔ روڈن انکلیو ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو نوجوانوں کے اسپورٹس مستقبل کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ جن بچوں کو ماضی میں اسپورٹس میں وہ مقام نہیں ملا، ہم ان کی عزت بحال کریں گے اور انہیں بڑے پلیٹ فارمز تک لے کر جائیں گے۔”
میڈم تصور نے بھی روڈن انکلیو کے اس اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “ہم روڈن انکلیو کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے نہ صرف ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا بلکہ ہماری طالبات پر اعتماد بھی ظاہر کیا۔ یہ ایک خوش آئند قدم ہے جو ہماری طالبات کے حوصلے بلند کرے گا۔”